اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ زی ٹی وی کے ایک پروگرام میںجناب رسول خداؐ کے چچا اور حضرت علیؑ کے والد حضرت ابوطالب علیہ السلام کی شان میں گستاخی کو لیکر آج ۲۸ دسمبر کو نماز جمعہ کے بعد آصفی مسجد میںمجلس علماء ہند کی جانب سے امام جمعہ مولانا کلب جواد نقوی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے انتہائی غم و غصے کے عالم میں زی ٹی وی کے خلاف نعرے بازی کی اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین ہاتھوں میں ایسی تختیاں لئے ہوئے تھے جس پر’’ زی ٹی وی مردہ باد‘‘ اور’’ معافی نامہ جار ی کرو‘‘لکھا ہوا تھا ۔
آصفی مسجد کے باہر سیڑھیوں پر مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان حضرت ابوطالبؑ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔ گستاخی کرنے والے چند ایسے لوگ ہیں جو قرآنی تعلیمات اور سنت پیغمبرؐ سے ناواقف ہیں۔جو مسلمان قرآن اور سنت پیغمبرؐ سے اچھی طرح واقف ہوگا وہ کبھی محسن اسلام حضرت ابوطالبؑ کی شان میں نازبیاکلمات ادا نہیں کرسکتا۔مولانا نے کہاکہ جو حضرت ابوطالبؑ کے ایمان کے قائل نہیں ہیں وہ قرآنی آیات اور سنت پیغمبرؐ کی روسے مسلمان نہیں ہیں ۔مولانانے مزید کہاکہ ہم نے زی ٹی وی کے ڈائریکٹر کو خط لکھ کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیاہے ۔اگر زی ٹی وی جلد ہی معافی نہیں مانگتاہے تو بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔مولانا نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید بات چیت کے لئےمیں آج دہلی جارہاہوں جہاں حکومتی افراد سے بھی اس سلسلے میں بات کی جائے گی تاکہ زی ٹی وی اپنی حرکت پر شرمندگی کا اظہارکرتے ہوئے معافی طلب کرے۔
اس احتجاجی مظاہرے میں مولانا کلب جواد نقوی کے ساتھ مولانا رضا حسین،مولانا حبیب حیدر،مولانا مراد رضا رضوی،مولانا فیروز حسین،مولانا زوار حسین،مولانا اعجاز حیدر،مولانا نقی عسکری ،مولانا حسن جعفر،ڈاکٹر حیدر مہدی اور دیگر علمائے کرام شامل رہے ۔تمام علماء نے متفقہ طورپر یہی مطالبہ کیاہے کہ زی ٹی وی معافی نامہ جاری کرے اگر ۴۸ گھنٹوں کے درمیان معافی نامہ جاری نہیں کیا گیا تو پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲